جڑوں والی سبزیاں
جڑوں والی سبزیاں یعنی وہ سبزیاں جو زمین کے اندر سے نکلتی ہیں جیسے گاجر، مولی ، آلو ، پیاز، شکر قندی، ادرک، لہسن، چقندر، اروی، اور شلجم وغیرہ بے شمار غذائی اجزاء مثلاً معدنیات، پروٹین، فاسفورس وٹامنز، فولاد کیلشیم، پوٹاشیم، کاربو ہائیڈریٹاور اینٹی اوکسیڈنٹ سے مالا مال ہوتی ہیں۔ یہ سبزیاں انسانی جسم کو متوازن غذا فراہم کرتی ہیں اور توانائی بہم پہنچاتی ہیں۔ ۔سبزیاں ہماری روز مرہ کی زندگی میں بطور خوراک شامل ہیں اورایک مناسب اور متوازن غذا فراہم کرتی ہیں ۔ ہر روز تازہ سبزیوں اور پھلوں سے تیار کردہ سلاد روز مرْہ کی خوراک میں لازمی شامل ہونا چاہئے۔
شلجم
شلجم ایک عام سبزی ہے۔ شلجم جسے پکا کر اور کچا دونوں طریقوں سے کھایا جاتا ہے۔ اسے سلاد کے طور پر بھی استعمال کرتے ہیں اور بطور اچار بھی استعمال کیا جاتا ہے۔اس کے فوائد اور ادویاتی خصوصیات بے شمار ہیں۔ اس میں معدنیات کیلشیم، پوٹاشیم فاسفورس پروٹین، وٹامنز، فولاد وغیرہ اجزاء ہوتے ہیں۔ یہ سبزی ہر عمر کے ا فرد اور ہر مزاج کے لیےموزوں اور فائدہ مند ہے۔ بلکہ بعض بیماریوں کے علاج کے لئے بھی بطور دوا استعمال ہوتی ہے۔نہ صرف شلجم غذائیت سے بھرپور ہوتے ہیں بلکہ شلجم کے پتوں میں بھی بھر پور غذائیت پائی جاتی ہے۔
شلجم کے فوائد
معالجین کا کہنا ہے کہ یہ ضعف بصارت کو دور کرنے کے لئے بہترین ہیں۔ اس میں شامل ریشہ کی وجہ سے قبض کی بیماری دور ہوتی ہے یعنی یہ قبض کشا ہے۔ کھانسی مثانہ اور گردے کی پتھری میں فائدہ مند ہے، تحقیقات کے مطابق شلجم ادویاتی مزاج رکھتا ہے اوراس کا استعمال کولیسٹرول کی مقدار کو جسم میں بڑھنے نہیں دیتا ۔ چونکہ کیلشیم اور پوٹاشیم کی کافی مقدار اس میں شامل ہوتی ہےاس لئے ہڈیوں کی مضبوطی کے لئے یہ بہترین غذا ہے ۔اس لئے شلجم کھانے والوں کوآ سٹیوپروسس کی بیماری بھی نہیں ہوتی۔ یہ وزن کو بھی کنٹرول میں رکھتا ہے۔ بلا شبہ اس کے لاتعداد طبی فوائد ہیں۔یہ پٹھوں کی مضبوطی اور دل کی دھڑکن کے لئے اور پیٹ کے متعدد امراض کے لیے سود مند ہے۔ یہ صالح خون پیدا کرتا ہے۔ ہائی بلڈ پریشر والے لوگوں کے لئےبھی شلجم کا استعمال بہترین ہے۔ اس میں شامل کیلشیم کمزور ہڈیوں کو مضبوط بنانے اور آسٹیوپوروسس سے محفوظ رکھنے میں مدد دیتا ہے۔دانتوں کی مضبوطی کے لئے بھی اہم ہے۔
شلجم دیرسے ہضم ہوتا ہے اور شلجم بلغم پیدا کرتاہے۔ اس لئے خاص حالتوں میں اس کا استعمال نقصان بھی دے سکتا ہے۔
شلجم کو غذا میں شامل کرنے کے طریقے
اگرشلجم کے پکانے پر صحیح توجہ دی جائے تو یہ غذا صحت مند زندگی کی ضامن ہو سکتی ہے۔ اس کو بطور سوپ کالی مرچ اور نمک کی آمیزش کے ساتھ استعمال کریں تو بہت فائدہ ہوگا ۔ کم مصالحاجات سے بنا بھرتہ یا اسے گوشت کے ساتھ ملا کر پکائیں تو بھی یہ اپنی غذائیت برقرار رکھے گا اور صحت کے لئے مفید ثابت ہوگا اور معدہ کی تکالیف کے لئے اس کا شوربہ بہترین ہے۔ اچھے اور لذیز طریقے سے پکانے سے اور اس کے فوائد کو مدّ نظر رکھیں تو یہ مرغوب غذا بن جاتا ہے ۔ اسے بطور سلاد مختلف کچی سبزیوں یا صرف شلجم ، گاجر نمک اور کالی مرچ کے ذائقہ کے ساتھ استعمال کریں تو یہ زود ہضم اور غذائیت سے بھرپور ہے ۔ اس کا اچار بھی بہت مزیدار اور غذائیت سے بھر پور ہوتا ہے جس کے اپنے طبّی فوائد ہیں۔
کچی سلاد کو جب صحت کے بنیادی اصولوں پر سے تیار کیا جائے تو جسم کو فائدہ پہنچا تی ہےیعنی بطور سلاد بناتے وقت اس میں چٹخارے دار مصالحے یا سرکہ وغیرہ شامل نہ کیا جائے کونکہ یہ چیزیں جسم میں کھانے کے نظام ہضم پر اثر انداز ہوتی ہیں ۔ اور اس میں کبھی بھی گری دار میوے بھی شامل نہ کئے جائیں۔ کچی سلاد اور دیگر کھانے پینے کا استعمال کرتے وقت الرجی کا سبب بھی بن سکتا ہےاور معدے کی بیماریوں کا سبب بھی ہوسکتا ہے۔
اگر شلجم ریفریجریٹر میں رکھا گیا ہے تو ، اس کی اصل تازگی کو بحال کرنے کے لئے اسے سادے پانی سے دھولیں اور چند منٹ پانی میں پڑا رہنے دیں۔ خراب ،بد مزہ اور کھارے شلجم استعمال نہ کریں ان کو الگ کردیں۔ شلجم کا ٹنے کے بعد زیاد دیر کھلا نہ رکھیں ۔بلکہ فوراًاستعمال کرلیں یا سالن میں شامل کردیں ورنہ ان کی غذائیت اڑ جائے گی ۔
مضمون: نگار فرح فاطمہ