ہر قسم کے بازار کے ڈبّہ بند تیّار جوسزہر جگہ موجود اور ہر جگہ عام ہیں۔ کسی بھی سپراسٹور جنرل اسٹور، گلی کوچوں کی دکانوں پر جائیں آپ کو مختلف اقسام کے پھلوں مثلاً آم کے جوس سے لے کر ، سیب ، آڑو، نیبو، سنگترہ تربوز ، اسٹرابیری، کیوی اور گاجر،ادرک تک وغیرہ کے تیّار ٹھنڈے جوسز (رس) انگنت ذائقوں، مختلف کمپنیوں، مختلف برانڈز اور مختلف پھلوں کے مل جائیں گے۔ جسے لوگ اپنی جسمانی توانائی کو بحال کرنے کے لئے استعمال کرتے ہیں۔
ڈبّہ بند تیّار جوسز
تازہ جوس بنانا تھوڑا محنت طلب کام ہوتا ہے اور وقت بھی بہت لگتا ہے۔ اس لئے لوگ ڈبّہ بند بازار کے جوس کو فوقیت دیتے ہیں۔ تازہ پھلوں کا جوس نکالنے کی زحمت سے بچنے کے لئے سادہ لوح عوام مختلف فوڈ کمپنیوں کے دلفریب اشتہارات کے دھوکے میں آ کر پھلوں کے ذائقے والے میٹھے پانی کو پھلوں کا رس سمجھ کر اور فوری توانائی حاصل کرنے کا ذریعہ سمجھ کر بہت شوق سے استعمال کرتی ہے بلکہ مہمان نوازی میں بھی بازار کے تیار ٹھنڈے جوسز پیش کیئے جاتے ہیں۔
جوسز کا منفی پہلو
لیکن کیا آپ پُر یقین ہیں کہ تمام قسم کے جوسز فائدہ مند ہیں؟ اور ان میں شامل کیمیکلز آپ کی صحت کو نقصان نہیں پہنچائیں گے۔ اس لئے اس کا ایک منفی پہلویہ بھی ہےکہ جوس آپ کے جسم میں بہت سی اضافی کیلوریز بھی بڑھا سکتا ہے اس لئے بازار میں ملنے والے تمام جوسز( رس ) یکساں طور پر صحت کے لئے فائدہ مند ثابت نہیں ہوتے ہیں۔ ڈبہ بند جوس سے طبعی پیچیدگیاں پیدا ہوسکتی ہیں۔مثلاً نظام ہاضمہ کی خرابی، سر درد، وزن میں اضافہ ، غنودگی، بالوں اور دانتوں کا کمزور ہونا، کیلوریز کا ضرورت سے زیادہ اضافہ ہونا۔چونکہ عام شکر کی وجہ سے کیلوریز میں زیادہ اضافہ ہوتا ہے۔ لہذا جوس کے ساتھ کچھ کھانے کی دیگر چیزیں ضرور شامل ہوں ورنہ جسم میں بلڈ شوگرکے بڑھنے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
جوس کا انتخاب
جوس کا انتخاب کرتے وقت ہوشیاری سے کام لیں۔ کیونکہ بہت سی نام نہاد کمپنیوں کے جوس میں ، بہت کم مقدار میں اصلی جوس ہوتا ہے اور باقی زیادہ مقدار میں کسی بھی قسم کی چینی یا پھلوں کے ذائقے والا مشروب شامل ہوتا ہے۔ صرف ایسے جوس کا ہی انتخاب کریں جن میں سو فیصد پھلوں یا سبزیوں کا رس ہو۔ چینی سے بھرا مرکب یا پھلوں کے ذائقے والا مشروب نہ ہو بلکہ پھلوں یا سبزیوں کا اصلی جوس ہی ہو۔ ڈبوں میں بند جوس میں پھلوں کا رس انتہائی کم مقدار میں شامل ہوتا ہے باقی اس کی مقدار بڑھانے کے لیے اس میں ایسنس ، مختلف ایسڈز، مختلیف اقسام کی چینی، مصنوعی رنگ ، مصنوعی ذائقے ، اور مصنوعی وٹامن اور پانی شامل کیئے جاتے ہیں۔
خالص پھلوں کا رس
خالص پھلوں کا رس بہت مزیداراور صحت کے لئے فائدہ مند ہوتا ہے۔ پھلوں اور سبزیوں کے جوس میں اینٹی آکسیڈینٹس، وٹامنز ، معدنیات ہوتےہیں یہ موٹاپا ، کینسر ، دل کی بیماری اور ذیابیطس جیسی بیماریوں سے لڑنے میں اہم ثابت ہوتے ہیں۔
کچھ لوگوں کا خیال ہے کے تازہ پھلوں کے رس میں کاروبونیٹ زیادہ مقدار میں ہوتی ہے جو انسانی صحت کے لئے نقصان دہ ہے ۔ لیکن بازار کے ڈبّہ بند تیّار جوسز تواُس سے بھی زیادہ صحت کے لئے نقسان دہ ثابت ہو سکتے ہیں ۔
اس لئے پیاس محسوس ہو تو سادہ پانی استعمال کریں ۔ ڈبّہ بند تیّار جوس کا استعمال کم سے کم کریں۔ بلکہ تازہ پھلوں کا رس پیئں اور زیادہ تر کثرت سے پھلوں اور سبزیوں سے لطف اندوز ہوں کیونکہ رس میں ان پھلوں اور سبزیوں کا ریشہ شامل نہیں ہوتا جو صحت کے لئے انتہائی مفید ہے۔
مضمون نگار فرح فا طمہ