صدیوں سے مصالحہ جات کا استعمال ہماری خوراک میں شامل رہا ہے جھنوں نے ہمارے کھانوں کو ذائقہ اور رنگ بخشا ہے۔ لیکن ان مصالحہ جات کی اہمیت و افادیت کھانوں میں ذائقہ سے بڑھ کر ان کے زبردست طبّی یا ادویاتی خواص ہیں ۔ ان کا با قاعدہ استعمال نہ صرف ہمیں بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے۔ بلکہ بعض امراض میں یہ بطور علاج اور ادویات کے بھی استعمال ہوتے ہیں۔انسانی تاریخ میں مصالحہ جات اور جڑی بوٹیوں کا استعمال بہت اہم رہا ہے۔ اور اب تو جدید سائنس سےتحقیق کے ذریعے ان کی اہمیت و افادیت واضح ہو چکی ہے۔یہاں دنیا کی دس اہم جڑی بوٹیاں اور مصالحہ جات کا ذکر کیا جا رہا ہے۔ ، جن کی تائید تحقیق سے ثابت ہے۔
1.دار چینی
گرم مصالحہ جات کی اقسام میں دار چینی بھی ان کی ایک مشہورقسم ہے۔دار چینی اصل میں درخت کی چھال ہے۔ جسے مصالحے کے طور پر مختلف کھانوں میں استعمال کیا جاتا ہے۔یہ کھانوں کو لذیز، خوشبودار اور خوش ذائقہ بنا تی ہے۔ اور جراثیم کش خاصیت کی بناء پر کھانوں کو جلد خراب ہونے سے بھی بچاتی ہے۔
اسکے طبی فوائد بےشمار ہیں۔ مثلاًقوت مدافعت بڑھاتی ہے اور کھانسی نزلہ، زکام اور الرجی میں بہت مفید ہے۔ اپنی طبی افادیت کی وجہ سےاس کےاستعمال میں بہت سی بیماریوں کا علاج پوشیدہ ہے۔ دار چینی میں صحت کے بے شمار فوائد موجودہیں۔ دار چینی کا سب سے اہم فائدہ یہ ہے کہ وہ ہمارے خون میں شوگر کے لیول کو قابو میں رکھتی ہے۔ اس لیے دار چینی ذیابیطس کا ایک مؤثر علاج ہے۔اس لئے دار چینی انسداد ذیابیطس کے لئے حیرت انگیز اثرات رکھتی ہے اور بلڈ شوگر کی سطح کو کم کرتی ہے۔یہ دماغ کے لئے بھی صحت بخش ہےاس کے علاوہ یہ اینٹی آکسیڈینٹ ہے اس لئے سوزش کے لئے بھی مفید ہے۔
2.ہلدی
ہلدی کا شمار بھی مصالحہ جات میں ہوتا ہے یہ کھانے کا رنگ اور ذائقہ ہی نہیں بڑھاتی بلکہ انسانی صحت کے لیے بہت مفید ہے۔ یہ بھی جراثیم کش خصوصیات کی حامل ہے۔ ہلدی میں کئی ایسے مرکبات شامل ہیں جو دوا کی خصوصیت رکھتے ہیں جن میں خاص طور پر کرکومین ہے۔کرکومین ایک طاقتور اینٹی آکسیڈینٹ ہے یعنی عمل تکسید کو روکنے والا عامِل جو خصوصاً کھُلی ہوا میں رکھی ہوئی اشیا کے تحفظ کے لیے اِستعمال ہوتا ہے۔ میڈیکل سائنس کے مطابق یہ کینسر جیسے موذی مرض کو پیدا ہونے سے روکتا ہے۔ ہلدی قوت مدافعت میں اضافی کرتی ہے۔ ہلدی کا بیرونی استعمال جلد کی حُسن و چمک کے لئے بہترین ہے۔ بڑھتی عمر کے اثرات کم کرنے کے لئے بھی مؤثر ہے۔
3۔ لال مرچ
لا ل مرچ ایک ایسا مصالحہ ہے جو پکوان یعنی کھانا تیار کرنے میں استعمال ہوتی ہے اس میں ایک جز کیپسائسن ہوتا ہےجو کینسر کو بڑحنے سے روکتا ہےیعنی کینسر کے خلیوں کو بڑھنے سے روکتا ہے۔ لال مرچ کے غذائی اجزاء میں ،فولاد، وٹانمز، میگنیشم اور پوٹاشیم زیادہ مقدار میں شامل ہوتے ہیں جو انسانی صحت کے لئے انتہائی ضروری ہیں۔ لال مرچ بھوک کو کم کرتی ہے، چربی گھلاتی اور وزن میں کمی لاتی ہے۔ اس میں شامل وٹامن اے اور وٹامن سی سےقوت مدافعت میں اضافہ ہوتا ہے۔
4۔ لہسن
لہسن کا بنیادی استعمال اس کی دواؤں کی خصوصیات کی وجہ سے قدیم طب کا حصہ رہا ہے کیونکہ اس میں کئی بیماریوں سے شفا ہےاور یہ دل کو صحت مند رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ایک تحقیق کے مطابق لہسن کا استعمال ہائی بلڈ پریشرمیں اتنا ہی موثر ثابت ہوا ہے جتنا بلڈ پریشر کو کم کرنے والی دوا اپنا کام انجام دیتی ہے ۔ہائی کولیسٹرول والے افراد میں لہسن کے استعمال سے کولیسٹرول میں دس سے پندرہ فیصد میں کمی واقع ہوتی ہے۔دل کے امراض میں بھی لہسن نےفائدہ مند اثرات کا ثبوت دیا ہے۔
5۔ادرک
ادرک کا شمار مصالحہ جات میں کیا جائے یا جڑی بوٹیوں میں یہ حقیقت ہے کہ صدیوں سے اس کا استعمال متبادل ادویات کے متعدد شکلوں میں استعمال ہوتا رہا ہے۔ ایک گرام یا اس سے زیادہ ادرک کامیابی سے متلی کا علاج کرسکتی ہے۔ یہ نظام ہاضمہ کو درست رکھتی ہے ، موسم سرما میں ہونے والےنزلہ زکام،کھانسی، فلو،اور گلے کی خراش کامؤثر علاج ہے۔ اس کے کھانے سے وزن میں اضافے کی شکایت دور ہو جاتی ہے اور سانس کی نالیوں میں اگر انفیکشن ہو تو انفیکشن کو دور کرتی ہے۔ ۔ ادرک میں مختلف معدنیات ، وٹامن سی، میگنیشیئم وغیرہ ہوتے ہیں اس لئے یہ صحت کے لئے بہت مفید ہے۔ سردیوں میں اس کا قہوہ موسمی اثرات اور بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے۔
6۔ کالی مرچ
کالی مرچ میں بھی دوسرے مصالحوں کی طرح بے شمار غذائی اجزا پائے جاتے ہیں جو بہت ہی مفید ہیں۔کالی مرچ گرم مصالحہ کا لازمی جزو ہے۔ بھوک پیدا کرتی ہے اور ہیضئہ کی بیماری میں بے حد مفید ہے۔ پھیپھڑوں کے امراض میں مفید اور پٹھوں کو طاقت دیتی
ہے۔ نزلہ و زکام اور کھانسی کے سد باب کیلئے کالی مرچ بہترین علاج ہے۔
7۔ لونگ
کالی مرچ کا ذکر ہو اور لونگ کا ذکر نہ ہو یہ ناممکن ہے۔یہ کھانوں میں خوشبو کے لئے بھی استعمال کی جاتی ہے۔ لونگ کی تاثیر گرم ہے۔ لونگ قدیم طریقہ علاج میں ہمیشہ شامل رہی ہے اور اب جدید سائنس بھی اس کی اہمیت وافادیت کو تسلیم کر چکی ہے۔کیونکہ یہ غذائی خصوصیات کے ساتھ ساتھ شفائی خصوصیات بھی رکھتی ہے۔ لونگ اور اُس کا کا تیل مختلف قسم کے دردوں میں بہت فائدہ دیتا ہے۔ مثلاً کان کا درد ، دانت کا درد اور جوڑوں یعنی گٹھیا کا درد اعصابی درد کے لئے بھی انتہائی مفید ہے اس سے فوری آرام ملتا ہے۔نزلے زکام میں بھی اس کی افادیت سے انکار نہیں کیا جسکتا ہے۔ گلے کی دکھن اور تکلیف کا علاج بھی لونگ میں ہی ہے۔
8۔ زیرہ
زیرہ بھی بطور گرم مصالحے کے کھانوں میں استعمال ہوتا ہے کھانوں میں لذت اور خوشبو پیدا کرتا ہے یہ ایک پودے کے بیج ہیں۔ آنتوں، معدہ ، گردوں ا ور جگر اور کو طاقت دیتا ہے، یہ بلغم کو ختم کرتا ہے، ہاضمے کے لئے بہترین ہے اکثر ہاضمے کی ادویات میں زیرہ بھی شامل کیا جاتا ہے۔
9۔ کلونجی
یہ ایک خودرو پودا ہے اور قدیم طب میں اطباء و حکماء اس کی افادیت سے بخوبی واقف تھے۔ کلونجی کی شفائی خصوصیات لاتعداد ہیں اور سرد اور گرم دونوں قسم کے امراض میں اکسیر کی خاصیت رکھتی ہے۔ اور حدیث نبوی کی روشنی میں موت اور پیری (بڑھاپا )کے علاوہ تمام امراض کے لئے شفا ہے دس اہم جڑی بوٹیاں اور مصالحہ جات ۔ یہ پیٹ اور معدے کے امراض کے علاوہ بالوں کو گرنے سے روکتی ہے۔ قبض سے نجات دیتی ہے۔ جوڑوں کے درد ، گردوں، جگر کی بیماریوں ، غرض ہر بیماری میں اس کا استعمال شفاء ہے۔
10۔ اجوائن
اجوائن کا پودا تقریباًچار فٹ اونچا ہوتا ہے۔ اور اجوائن پودے کے بیج ہیں اس کا مزاج گرم ہے۔ مخصوص کھانوں میں ذائقے اور لذت میں اضافے کے لئے یہ استعمال کی جاتی ہے۔ اجوائن میں بھی کئی بیماریوں کا علاج ہے۔ خاص بیماریوں میں امراض شکم ، درد شکم، طبیعت کا مکدر ہونایا متلی کا ہونا، ہیضہ ، فالج اور جگر کے امراض میں بھی مفید ہے بچھو کاٹے یا بھڑ کے کاٹے کا درد دور کرنے کے لئے بھی اجوائن کا لیپ کیا جاتا ہے۔
یہ دس اہم جڑی بوٹیاں اور مصالحہ جات ہیں جو ہر گھر میں عام استعمال ہوتے ہیں لیکن یہ کتنے مفید ہیں ۔غرض ان کے بے شمار فوائد ہیں لیکن یہاں چند ہی ذکر کیئے گئے ہیں ۔
مضمون نگار: فرح فاطمہ