سائنس کی رو سے اور علم نفسیات بھی اس بات پر متفق ہے کہ ہمیں خوش رہنے کے لئے، خود سےکوشش کرنے کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔ خوش رہنے کے لئے عادات و اطوار میں خوشگوار اور مثبت تبدیلیاں لانی ہوتی ہیں ۔ خود کو خوش رکھنے کے لئے باقاعدہ مشق کرنی ہوتی ہے۔
ڈوپا مائن ایک ایسا ہارمون ہے جو دماغی اور جسمانی صحت کےلئے بہت ضروری ہوتا ہے۔ یہ ایک کیمیائی میسینجر کے طور پر اپنا کام کرتاہے۔ یہ بہت سارے دوسرے کاموں کے ساتھ ساتھ انسان کے اندر خوشی کا احساس پیدا کرتا ہے۔ اس لئے اس کا ہمارے جسم میں صحیح مقدار میں ہونا بہت ضروری ہے۔ جب ہم کوئی ایسا کام کرتے ہیں جس سے ہمیں خوشی ہوتی ہے اور ہمیں اچھا لگتا ہے تو دماغ ڈوپامائن جاری کرتا ہے۔ اگر ڈوپا مائن کی صحیح مقدار ہو تو انسان خوش رہتا ہے، حوصلہ مند رہتا ہے ، توجہ مرکوز رہتی ہے ،یاداشت تیز ہوتی ہے ، الرٹ چاق و چوبند اور متحرک رہتا ہے ۔ اگر اس کی مقدار کم ہو تو انسان میں پژمردگی یعنی ناخوشی ، مایوسی ، تھکا ن ، غیر متحرک ہونا یعنی سستی ، نیند کے مسائل ، یاداشت کی کمی ، ناخوشگوار مزاج ، اور توجہ مرکوز نہ ہونے کی شکایت ہوتی ہے۔اس لئے انسان کو خوش رہنا اور خود کو خوش رکھنا بہت ضروری ہے۔
سائنس اور طبی ماہرین کے مطابق زندگی میں کچھ طریقے یا عادات اپنا کر خوش رہا جاسکتاہے۔ کیوں کہ خوش رہنا عملی زندگی ،جسمانی اور دماغی صحت اور خوشگوار زندگی کے لئے ضروری ہے۔ یہاں ہم خوش رہنے کی 10 تدابیر یا ٹپس پیش کر رہے ہیں۔یعنی خود کو خوش رکھنے کے لئے آپ کو کیا تدابیر اختیار کرنا چاہئے ۔
(1) اپنے لئے وقت نکالیں:
خوش رہنے کے لئے ایک اصول یہ بھی ہے۔ روزانہ اپنے لئے بھی وقت نکالئے ، خود کو اہمیت دیں ۔ کیونکہ زندگی میں مصروفیات اور ذمےداریاں کافی تناؤ پیدا کر سکتی ہیں مزاج پر ناخوشگوار اثر بھی پڑتا ہے۔ اور انسان کی زندگی پر ان کا مثبت اثر نہیں پڑتا ۔ اس لئے روزانہ کچھ وقت اپنے پسندیدہ کاموں، مشغلوں اور اپنے شوق کو دیں۔ جو آپ کو خوشی دیتے ہیں۔
(2) صحت کا خیال رکھیں:
اپنی صحت کا خیال رکھیں اور تندرست و توانا رہنے کی کوشش کریں۔ کیوں کہ صحت مند ہونا خوشی کا ایک جذو ہے۔ اس لئے اپنی صحت پر بھرپور توجہ دیں اور اپنا خیال رکھیں ۔ اچھی اور متوازن خوراک ، وٹامنز ، پھل وغیرہ باقاعدگی سے استعمال کریں ۔ اکثر لوگ فیملی کی ضرورتوں کا خیال تو بہت اچھی طرح رکھتے ہیں لیکن اپنا خیال نہیں رکھتے اس لئے اپنی فیملی کے لئے، اپنا بھی خیال رکھیں ۔ صحتمند رہنا بھی خوشی کا باعث بنتاہے۔ اچھی صحت اور تندرستی کا خیال رکھنا ،آپ کو خوش رکھے گا۔
(3) آرام دہ ،پرسکون اور بھرپور نیند لیں :
مکمل نیند لینا آپ کو تندرست رکھتا ہے اور آپ کو روزمرہ کی زندگی میں چاق و چوبند اور خوش بھی رکھتا ہے کیوں کہ نیند آپ کے دماغ کو اور جسم کو سکون پہنچاتی ہے۔ ہر رات کم از کم 7-8 گھنٹے کی نیند لازمی لیں۔ نیند آپ کو تازگی اور توانائی فراہم کرتی ہے۔ اچھی اور بھرپور نیند انسان کو جذباتی اور جسمانی طور پر پرسکون بھی رکھتی ہے۔
(4) باقاعدگی سے روزانہ ورزش کی عادت :
باقاعدگی سے روزانہ ورزش کرنے کی عادت اپنائیے۔ یہ عادات انسان کی جسمانی ، دماغی اور جذباتی صحت کے لئے بہت ضروری ہے۔ صبح کی چہل قدمی اور ورزش کی عادت انسان کو خوش اور صحت مند رکھتی ہے اور ڈیپریشن سے نجات دیتی ہے۔
(5) دوستوں اور خاندان کے ساتھ وقت گزاریں:
اپنے دوستوں اور خاندان کے ساتھ وقت گزارنا خوشی کا احساس دیتا ہے۔ خاندانی رشتوں اور ان کی اہمیت کو مدّنظر رکھیں اور ان کے ساتھ حقیقی تعلقات کو بڑھائیں۔ اپنے دوستوں اور خاندان کے ساتھ وقت گزاریں۔ ان کے ساتھ جشن منائیں، تفریح کریں۔ اپنی فیملی اپنے خاندان کے ساتھ وقت کی بہت اہمیت ہے ۔
(6)بچوں کے ساتھ وقت گزاریں :
آپ کے گھر میں موجود بچے ہوں یا رشتے داروں یا دوست احباب کے ،بچوں سے مل کر ان سے باتیں کر کےان کی باتیں سن کر خوشی ہوتی ہے ۔
بچوں سے باتیں کریں یا ان کے چھوٹے موٹے کھیل میں شریک ہوجائیں ۔ یقین جانیئے بچوں کی ک صحبت میں آپ کو بہت خوشی محسوس ہوگی ۔ بچوں کے ساتھ وقت گذارئیے۔ اس لئے کہ یہ عمل بھی آپ کو خوشی دینے کا اور خوش رہنے کا باعث بنے گا۔
(7) مثبت سوچ اور مثبت رویّہ:
مثبت سوچ مثبت رویّے کی عادات انسان کو خوش رکھتی ہے ۔ اس لئے منفی سوچوں سے دور رہنے کی کوشش کریں ۔ اور دماغ کو مثبت سوچ پرمرکوز رکھنے کی کوشش کریں ۔ منفی اثرات سے بچیں۔ لوگوں کی دل جلانے والی اور فضول باتوں کو اہمیت نہ دیں ایسے لوگوں سے تعلقات کم کردیں جو آپ کی تکلیف کا باعث ہوں ۔ اداسی اور پژمردگی سے دور رہنے کی کوشش کریں ۔
(8) وقت کی اہمیت کو سمجھیں:
وقت کا احساس کریں اور وقت کی اہمیت کو سمجھیں ۔ وقت کو مثبت طریقے سے استعمال کریں۔ وقت کو منظم کریں ۔ضروری کاموں کا تعین کریں، اور زیادہ موثریت والے کاموں پر توجہ دیں۔ فالتو اور وقت کا ضیاع والے کاموں سے بچیں ۔ وقت پر کام کو مکمل کر لینے کی عادت انسان کو بہت سی پریشانیوں، تکالیف ، اور ٹینشن سے محفوظ رکھتی ہے۔ جو خوشی کا باعث بھی بنتی ہے۔
اپنے علم ، تجربے، مہارتوں یعنی skills اور ہنرمندی میں اضافہ کریں۔ نئی چیزوں اور مہارتوں کو سیکھنے کی کوشش کریں ، نئی نئی کتابیں پڑھیں، نئے لوگوں سے ملیں۔
(9) اچھی عادات اپنائیں:
اچھی عادات انسان کو ذہنی ، جسمانی ااور روحانی طور پر بہت پرسکون اور خوش و خرم رکھتی ہیں ۔ اس لئے اچھے اخلاق اور اچھی عادات کو اپنی فطرت بنا لیں۔ دل کو وسیع کریں ۔ تحمل مزاجی ، نظراندازی ، بردباری، برداشت ، دوسروں کی مدد ، دوسروں کا خیال رکھنا، لوگوں کے ساتھ نیکی اور بھلائی کرنا آپ کی خوشی میں اضافے کا سبب بنے کا ۔ عفو اور درگزر کا رویّہ اپنائیں ۔ غرض اچھی عادات اور اچھے اخلاق کو اپنی فطرت ثانیہ بنا لیں ۔
(10) نعمتوں کا شکر ادا کریں :
اپنے پاس نعمتوں کا احساس کریں اور شکرگزاری کا جذبہ پیدا کریں ۔ روزانہ اپنے پاس موجود ان نعمتوں کو سوچیں ، شکر ادا کریں، خوشی محسوس کریں ، جو آ پ کو حاصل ہیں ۔ بلکہ روزانہ کی دن بھر کی مصروفیات ، مشغولیات کی ، اچھی باتوں ، اچھے واقعات ، اچھی چیزوں کو جنھیں آپ نظر انداز کردیتے ہیں۔
ان کی ایک فہرست مرتب کریں ۔ یہ تدبیر بھی آپ کے اندر ایک خوشی کا احساس پیدا کرے گی ۔ اور طبیعت اور مزاج کو شاداں و فرحاں رکھے گی ۔ لوگوں کے ، آپ کے لئے کیئے گئے اچھے کام کے لئے ان کا شکریہ ادا کریں ۔ یہ عادت بھی آپ کو خوشی فراہم کرے گی، اور اچھے تعلقات اور مستقبل پر اچھے اثرات مرتب کرے گی ۔