پپیتا ناقابل یقین حد تک ایک بہت ہی صحت بخش پھل ہے لیکن کیا آپ پپیتے کے حیران کن طبی فوائد سے آگا ہ ہیں ۔ اس مضمون میں ہم پپیتے کےحیران کن طبی فوائد پر بات کریں گے۔ کیونکہ پپیتا قیمتی غذائی اجزاء سے بھرپور ہے اور یہ ذائقے میں بھی بہت مزیدار ہوتا ہے۔
چونکہ پپیتا غذائی اجزاء سے بھرپور ہوتا ہے لیکن یہ انتہائی کم کیلوریز والا صحت بخش پھل ہے ۔ کچے پپیتے اور پکے پپیتے دونوں ہی کی اپنی جگہ بہت افادیت ہے۔ ۔کچا پپیتا اور پکا پپیتا دونوں ہی کا استعمال ہم مختلف طریقوں سے کرتے ہیں ۔ کچے پپیتے کو عام طور پر کھانوں میں گوشت نرم کرنے یا گوشت گلانے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔ پپیتے میں پاپین نامی ایک انزائم ہوتا ہے، جو گوشت کو نرم کرتا ہے یعنی گلاتا ہے ۔ اور کھانوں کو ذائقہ بڑھاتا ہے۔
پپیتے کے غذائی اجذاء
پپیتا ایک کم کیلوریز والا میٹھا پھل ہے جو وٹامنز اور معدنیات سے بھرپور ہوتا ہے۔کیلشیم، پوٹاشیم، میگنیشیم زنک، فولیٹ، وٹامن اے، وٹامن سی، وٹامن ای، وٹامن کے( K) ، کاربوہائیڈریٹ، پروٹین اور غذائی ریشہ پپیتے کے اہم غذائی اجذاء ہیں ۔
پپیتے کے طبی فوائد
چونکہ یہ وٹامنز ، معدنیات اور اینٹی آکسیڈینٹس سے بھر پور ہوتا ہے ۔ اس لئے یہ کئی بیماریوں اور ان کی روک تھام میں بہت مفید ہے۔ یہ ہاضمہ درست رکھتا ہے ، قبض کو دور کرتا ہے ، قوت مدافعت میں اضافہ کرتا ہے، مقوی قلب ہے اور کینسر سے بھی محفوظ رکھتا ہے ۔ اس کے علاوہ یہ سوزش کو کم کر نے میں بھی مدد کرسکتا ہے، اور بڑھتی عمر کے اثرات کو کم کر سکتا ہے اور وزن کم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔ مجموعی طور پر یہ جسمانی صحت پر مثبت اثر ڈالتا ہے۔
پپیتے کا ایک فائدہ یہ ہے کہ پپیتے میں موجود فائدہ مند اینٹی آکسیڈنٹس کو جسم دوسرے پھلوں اور سبزیوں کے مقابلے میں زیادہ جلدی اور اچھے طریقے سے جذب کرتا ہے۔
الزائمر کی بیماری میں مفید
پپیتے میں طاقتور اینٹی آکسیڈنٹ ا ثرات ہوتے ہیں،جو آکسیڈیٹیو تناؤ کو کم کر تے ہیں اور کئی امراض کی روک تھام میں بھی مفید ہیں۔ فری ریڈیکلز، جو آکسیڈیٹیو تناؤ کو بڑھاتے ہیں اور الزائمر کی بیماری جو آکسیڈیٹیو تناؤ کی وجہ سے دماغ کے خلیوں کو ہلاک کرتی ہے۔ اور یادداشت کے مسائل اور ذہنی صلاحیتوں کے نقصان کا باعث بنتی ہے۔ پپیتا اس بیماری کی روک تھا م کرتا ہے ۔ بیماری کے بڑھنے کی رفتارکو سست کر سکتا ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق ، الزائمر کے مرض کے افراد کو کچھ ماہ تک پپیتے کا خمیر شدہ عرق استعمال کرنے سے اس مرض میں کافی حد تک کمی واقعی ہوئی ہے۔
کینسر میں مفید
آزاد ریڈیکلز اور آکسیڈیٹیو تناؤ کی وجہ سے مختلف اقسام کے کینسر کا خطرہ پیدا ہوتا ہے ۔ چونکہ پپیتا اینٹی آکسیڈنٹس اجذاء سے بھرپور ہوتا ہے اور پپیتے میں اینٹی آکسیڈینٹ اجذاء بیٹا کیروٹین اور لائکو پین بھی ہوتے ہیں ۔ بیٹا کیروٹین اور لائکوپین کینسر سے تحفظ فراہم کرتے ہیں ۔ اس لیے یہ پھل خلیوں کو نقصان سے بچانے اور کینسر کے خطرے کو کم کرنے میں مدد کرتا ہے۔ اور کینسر کے مرض میں بھی مفید ہے اور کینسر کی بعض اقسام سے محفوظ بھی رکھتا ہے۔
مدافعتی نظام میں اضافہ
پپیتے میں موجود وٹامن سی مدافعتی نظام کو مضبوط کر تا ہے اور جسم کو مختلف بیماریوں اور انفیکشن سے محفوظ رکھتا ہے ۔
دل کی صحت
پپیتے میں شامل غذائی اجذاء وٹامن سی، پوٹاشیم، اینٹی آکسیڈنٹس اور فائبر جو شریانوں کے افعال کو درست رکھنے میں مدد کرتے ہیں اور خون کے بہاؤ کی حالت یعنی دوران خون کو بہتر رکھتا ہے۔ یہ کولیسٹرول کو بھی کم کر سکتا ہے اور دل کی بیماری، ہائی بلڈ پریشر اور فالج کا خطرہ بھی کم کر سکتا ہے۔
ہاضمہ بہتر کرتا ہے۔
پپیتا ہاضمے کو درست کرنے میں بھی بہت مؤثر ہے ۔ اس پھل میں شامل فائبر اور غذائی اجذاء گیس اور قبض جیسی تکلیف دہ بیماریوں کا علاج ہیں اور یہ بڑی آنت کے کینسر کے خطرے کو کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔
جلد کے لئے مفید
جسم کو صحت مند رکھنے کے علاوہ، پپیتا جلد کو جوان اور صاف رکھنے میں مدد کر سکتا ہے۔ پپیتے میں موجود وٹامن سی اور لائکوپین جلد کی حفاظت کرتے ہیں۔ جلد کو سورج کی شعاعوں سے پہنچنے والے نقصان اور عمر بڑھنے کی علامات مرجھائی ہوئی جلد ، جھریاں ، داغ دھبوں ، کو کم کرنے میں مدد کر تے ہیں ۔
جلد کے مردہ خلیوں کو ختم کرنے کے لیے چہرے پرپپیتے کے ٹکڑے سے ہلکے ہلکے مساج کریں اور پانچ منٹ بعد چہرہ دھو لیں۔ جلد موئسچرائز ہو جائے گی اور کچھ دن استعمال سے جھریاں اور داغ دھبے بھی کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے ۔
بلڈ شوگر کو کم کرنے میں معاون
ٹائپ 2 ذیابیطس کے مرض میں یہ خون میں گلوکوز کی سطح کو کم کرتا ہے۔ یعنی بلڈ شگر کو کم کرنے میں بھی مفید ہے۔
سوزش میں مفید
سوزش ایک تکلیف دہ مرض ہے اور یہ کئی طرح کی ہو سکتی ہے ۔ جیسے سوجن، درد ، پٹھوں یا جوڑوں کا اکڑ جانا وغیرہ گٹھیا بھی سوزش کی ایک قسم ہے ۔ پیپتے میں کیروٹینائڈز یعنی اینٹی آکسیڈنٹس اجذاء وافر مقدار میں ہوتے ہیں جو سوزش کو کم کرنے میں مدد کرسکتے ہیں۔
آنکھوں کے لئے مفید
پپیتے میں وٹامن سی اور وٹامن ای کے ساتھ ساتھ کچھ ایسے اجذاء بھی پائے جاتے ہیں جو آنکھوں کے امراض سے محفوظ رکھتے ہیں ۔
وزن میں کمی
کیونکہ یہ کم کیلوریز والا پھل ہے اس لئے جسمانی طور پر فربہ افراد کے لئے مفید ہے ۔ اس کے استعمال سے وزن میں بھی کمی واقع ہوتی ہے ۔